اسلام آباد(مشرف کاظمی سے) سپریم شیعہ علما بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ امریکہ کا بغداد ایئر پورٹ پر حملہ ننگی جارحیت ہے عراقی خود مختاری پر حملہ کرکے امریکہ نے اقوام متحدہ کے دستور کو تار تار کردیا ہے ، قاسم سلیمانی و مہدی مہندس سمیت تمام شہداءکی

بلندی درجات کیلئے دعا گو اور متاثرین سے اظہارِ ہمدردی وامریکی حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں ،کوئی مسلم ملک عرا ق پر امریکی جارحیت پر شادیانے نہ بجائے استعماری سرغنہ باری باری سب ملکوں کو نشانہ بناتا رہے گا . امت مسلمہ کو کسی ایک مسلم ملک پر حملہ عالم اسلام پر حملہ سمجھنا ہوگا ، امریکہ گریٹر اسرائیل و اکھنڈ بھارت کے خواب کی تکمیل چاہتا ہے مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا .مسلمانوں کے عدم اتفاق و عدم اتحاد کی بناءپر صیہونی شیطانی قوتیں عالم اسلام پر مکمل غلبہ پانے کی شدو مد سے جدوجہد میں مصروف ہیں مسلم حکمران سنجیدگی و دانشمندی سے امریکی و شیطانی قوتوں کے عزائم ناکام بنا دیں،حکمران خبردار رہیں امریکہ ایک بارپھر پاکستان کو فرنٹ لائن پر لاکر استعمال کرنے کی کوشش کرے گاحکمران جرات و دلیری کے ساتھ واضح کردیں کہ پاکستان کسی مسلمان ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگا .