لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت میں کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال پر پاکستانی عوام جذبہ خیر سگالی کے تحت ٹوئٹر پر مختلف ٹرینڈز کے ذریعے بھارت کے ساتھ اظہار ہمدردی کر رہے ہیں۔پاکستانی صارفین اپنے ٹوئٹس کے ذریعے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتے بھی دکھائی دے رہے ہیں کہ وہ بھارت

کی مدد کرے، طبی سہولیات فراہم کرے کیونکہ یہی ہمارے پیارے نبی ﷺ کی سنت ہے کہ مشکل میں رنجشوں کو بھلا دیا جائے۔پاکستانیوں اور بھارتیوں کی سوشل میڈیا پر ویسے تو سرد جنگ جاری رہتی ہے، ٹرولنگ میں بھی دونوں کا پلڑا ایک جیسا ہی رہتا ہے لیکن پاکستانیوں نے بھارت کے کڑے وقت میں ایسا ساتھ دے کر مثال قائم کردی ہے جس کی معترف آسٹریلوی صحافی بھی دکھائی دے رہے ہیں۔آسٹریلوی صحافی ڈینس فریڈ مین پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے لانے کیلئے کوشاں رہتے ہیں، ان کو پاکستانیوں کے اسی رویے نے متاثر کردیا جس کا اظہار انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کیا۔ڈینس فریڈ مین نے کہا کہ کئی دہائیوں سے پاکستان کو ہدف بناتے ہوئے بھارت کے جنگ سے متعلق بیانات کے باوجود پاکستانیوں کا یہ رویہ قابلِ ستائش ہے۔ آسٹریلوی صحافی کے اس ٹوئٹ کو سینیٹر فیصل جاوید نے بھی شیئر کیا۔