بدین(نیوز ڈیسک)ضلع بدین میں سرد ممالک سے آنے والے نایاب آبی پرندوں کے حسن نے بے رنگ ساحلی پٹی کو رنگین کر دیا ہے ۔ساحلی پٹی کی جھیلوں میں طلوع آفتاب کے ساتھ رنگ باتیں کرنے لگتے ہیں،رنگ و نزاکت کے جیتے جاگتے امتزاج یہ آبی پرندے جب جھیل کے پانی پر اٹھیکیلیاں کرتے ہیں جو انکا حسن اور بھی نکھر جاتا ہے۔ان آبی پرندوں کے دم سے اب ساحلی علاقوں کی ویرانی بہار میں بدل گئی ہے اور اب یہاں کی شام سرمئی کی بجائے سنہرے رنگ میں ڈھکتی ہے جہاں ان پرندوں کی چہکاریں اور مستیاں قائم ہیں۔ان آبی پرندوں میں کونج، نیل ہنس، پین، چیکلا، ڈگوش، آڑی، لاکھا جانی اور دیگر اقسام کے پرندے شامل ہیں جو ساحلی پٹی کی جھیلوں اور سمندر کے پانی میں اٹھکیلیاں کرتے اور اڑانیں بھرتے دکھائی دیتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ آبی پرندے رنگ، نزاکت اور خوبصورتی کا امتزاج ہیں جن کا تحفظ متعلقہ اداروں اور علاقہ مکینوں کا فرض ہے۔