راولپنڈی ( نیٹ نیوز )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر المعروف راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سرفراز احمد سے متعلق ویڈیو پوسٹ کیے جانے پر بورڈ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور ویڈیو کو ایک بہت بڑی غلطی قرار دیا۔ شعیب کا کہنا تھا کہ کیا ہی بات ہوتی اگر پی سی بی کو یہ معلوم ہوتا کہ کب کیا کرنا ہے۔خیال رہے کہ ایک روز قبل پی سی بی کی جانب سے

سرفراز احمد کو قومی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سے سبکدوش کردیا گیا ہے۔شعیب اختر کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس وقت کپتان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ٹھیک اسی وقت ویڈیو شائع کرنا بہت بڑی غلطی تھی۔ دوسری جانب یوٹیوب پر ایک ویڈیو پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ سرفراز احمد کو ان ہی کی غلطی کی وجہ سے کپتانی سے ہٹایا گیا۔ ہم سرفراز احمد کو یہ سمجھاتے رہے کہ اگر وہ اپنی بیٹنگ ٹھیک نہیں کریں گے تو وہ نہ صرف کپتانی بلکہ ٹیم میں سلیکشن سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ میری رائے ہے کہ سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سے نہیں ہٹانا چاہیے تھا۔ سلمان بٹ اور شرجیل خان کو بھی دوبارہ ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔