ممبئی ( نیٹ نیوز )بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئیں۔بھارتی اخبار کے مطابق حادثہ ہفتے کی سہ پہر تقریباً ساڑھے تین بجے ممبئی پونے ایکسپریس وے پراُس وقت پیش

آیا جب وہ اپنے شوہر جاوید اختر کے ساتھ سفر کررہی تھیں کہ اُن کی کار ایک ٹرک سے ٹکراگئی۔حادثے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس کا اگلا حصہ مکمل تباہ ہوگیا۔ جاوید اختر خیریت سے ہیں تاہم شبانہ اعظمی شدید زخمی ہیں، حادثے میں ایک نامعلوم خاتون بھی زخمی ہوئی

ہے۔شبانہ اعظمی کواسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اُنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ہائی پولیس پٹرولنگ ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔بالی ووڈ ادکارہ شبانہ اعظمی کو زخمی حالت میں گاڑی سے نکالا جارہا ہے۔شبانہ اعظمی نے اپنے شوہر اور معروف نغمہ نگار جاوید اختر کی 75 ویں سالگرہ منائی تھی، اس موقع پر جاوید اختر کے اعزاز میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا، جس کی تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بھی بنی تھیں۔واضح رہے کہ ممبئی۔پونے ایکسپریس وے بھارت کی پہیلی چھ رویہ کنکریٹ ہائی وے ہے، جس کی تعمیر کے بعد ممبئی اور پونے کے درمیان سفر چار گھنٹے سے کم ہوکر دو گھنٹے رہ گیا ہے، ہائی وے پر گاڑیوں کی تیز رفتاری کے باعث اس پہلے بھی کئی حادثات رونما ہوچکے ہیں۔