ممبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی اداکارہ دیا مرزا کا کہنا ہے کہ اُن کی شوہر سے علیحدگی کے بعد سے لوگوں کا اُن کے ساتھ رویہ بدل گیا ہے۔ دیا مرزا نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنے شوہر ساحل سنگھا سے علیحدگی کے حوالے سے کہا کہ ’جب سے میری اور میرے شوہر کے درمیان علیحدگی ہوئی ہے تب سے لوگوں کا میرے ساتھ رویہ بدل گیا ہے کوئی مجھے شرمندگی کی نظر سے دیکھتا ہے تو کوئی مجھے ہمدردی اور رحم دلی کی

نظر سے دیکھتا ہے۔میں اُس دور میں ہوں جہاں لوگ ترقی یافتہ اور ترقی پسند ہیں ایسے میں میری شوہر سے علیحدگی اور پھر لوگوں کے تنقید بھرے رویے مجھے حیرت اور دُکھ کا احساس دِلاتے ہیں۔نفرت سے دیکھنے والے لوگوں میں کچھ خواتین ایسی بھی ہیں جو مجھ سے پوچھتی ہیں کہ اتنی زیادہ ذاتی مشکلات دیکھنے کے بعد بھی آپ اتنی مضبوط کیسے ہیں؟‘مجھے ایسی بہت سی خواتین کے پیغامات موصول ہوتے ہیں جو میری طرح کی مشکلات سے گُزر رہی ہیں، وہ مجھ سے پوچھتی ہیں کہ آپ نے خود کو کس طرح سنبھالا ہے؟ آپ کس طرح اُٹھ کر کام پر چلی جاتی ہیں؟ آپ کس طرح یہ سب برداشت کر رہی ہیں؟
اُنہوں نے کہا کہ ’میرے پاس اُن خواتین کے سوالوں کے جواب تو نہیں ہیں لیکن میں پھر بھی اُن کو کہتی ہوں کہ مجھے میرا راستہ مل گیا ہے، آپ بھی اپنا راستہ تلاش کریں کیونکہ میں آپ کا راستہ نہیں بتا سکتی ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں دیا مرزا نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی اور ساحل سنگھا کے درمیان ہونے والی علیحدگی کا اعلان کیا تھا، اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’11 سال ایک ساتھ رہنے کے بعد میں نے اور ساحل نے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔‘اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’ہم ہمیشہ دوست رہیں گے ایک دوسرے کی مدد کریں گے لیکن میاں بیوی کی طرح ایک ساتھ نہیں رہیں گے۔‘