مغربی بنگال ( نیت نیوز ) اسے غلطی کہیں یا شرارت کہ بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ایک شخص کو کتے کی تصویر والا ووٹر شناختی کارڈ جاری کردیا گیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست مغربی بنگال کے سنیل کرماکر نامی ایک شخص کے ووٹر کارڈ پر اُس کی تصویر کی جگہ کتے کی تصویر شائع کردی گئی جسے دیکھ کر سنیل کرماکر ناصرف حیران ہوا بلکہ اُس نے الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی)کی اِس

نااہلی کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔سنیل کرماکر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’اُس کے ووٹر کارڈ میں کچھ غلطیاں تھیں جن کو درست کروانے کے لیے اُس نے درخواست دی تھی۔جب اُس کو اپنا تصیح شدہ کارڈ موصول ہوا تو اُس پر پہلے والی تمام غلطیاں درست ہو چکی تھیں تاہم کارڈ پر اُس کی تصویر کے بجائے کُتے کی تصویر لگی ہوئی تھی۔الیکشن کمیشن آف انڈیا نے یہ غلطی جان بوجھ کر کی ہے تاکہ مجھے لوگوں میں شرمندہ ہونا پڑے۔ جو بھی میرا یہ کارڈ دیکھ رہا ہے وہ میرا مذاق اُڑا رہا ہے۔میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے خلاف مقدمہ درج کرواؤں گا۔دوسری جانب بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کا کہنا ہے کہ ’ہمیں پہلے ہی سنیل کے کارڈ پر غلط تصویر شائع ہونے کے بارے میں معلوم ہوگیا تھا اور ہم نے سنیل کا نیا کارڈ درست تصویر کے ساتھ بنانے کے لیے آگے درخواست بھی دے دی ہے۔سنیل کو جو کارڈ دیا گیا ہے یہ کارڈ اُس کا نہیں ہے اور ہم غلطی کو درست کرلیں گے۔