لاہور ( نصیر سلیم سے )وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وہ مشرف کو غدار نہیں محب وطن سمجھتے ہیں. لاہور کے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چالیس سال تک ملک کی خدمت کرنے والے آرمی چیف کا مقابلہ کرپٹ مافیا سے نہیں کیا جا سکتا۔ کوئی ثابت تو کرے کہ مشرف

نے ایک پیسے کی بھی کرپشن کی ہے۔شیخ رشید نے بلاول بھٹو زرداری کو زرداری گروپ کا سی ای او قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاول سادہ اور بچہ نہیں ہے بلکہ وہ زرداری گروپ کے سی ای او رہے ہیں۔ ڈیڑھ ارب روپے کی ٹرانزیکشن میں بلاول کے دستخط ہیں اور یہ لوگ ضمانتیں کروانے کے لیے اپنے کیسز سندھ منتقل کروانے کی ضد کررہے ہیں۔شہبازشریف نیا کوٹ اور نیا ہیٹ پہنے لندن میں گھوم رہے ہیں، شہباز شریف بڑے بھائی کو پہلے سعودی عرب اور اب لندن لے کرگئے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان ذاتی مفاد کے لیے نہیں ملک اور قوم کے لیے یو ٹرن لیتے ہیں اور میں یقین دلاتا ہوں عمران خان کی قیادت میں ملک آگے بڑھے گا۔عمران خان کو نواز شریف کے باہر جانےکا افسوس ہے اور رہے گا۔ مجھ سمیت کابینہ کے 16 ارکان نے ووٹ دیا کہ نواز شریف کو جانے دیں میں نےفیصلے کے 66ویں پیرے کی ڈٹ کر مخالفت کی ہے۔ ملک کے تمام سیاستدان جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں جبکہ ذوالفقارعلی بھٹو سمیت تمام سیاستدان فوج کی نرسری کی پیداوار ہیں، ایک دن صحافیوں کو بھی جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 سے اندر لے کر جاؤں گا۔