لاہور ( وی او پی نیوز )خبردار ، ہوشیار ،مہنگائی سے تنگ عوام کو ایک اور جھتکا لگ سکتا ہے پنجاب میں ٹماٹر ،پیاز اور آلو کے بعد چینی کی قیمت بڑھنے کے خدشات بھی پیدا ہوگئے ہیں۔ان خدشات کی بڑی وجہ پنجاب کے وزیر صنعت و اطلاعات میاں اسلم اقبال اورصوبائی وزیر زراعت نعمان لنگڑیال اور وزیر

خوراک سمیع اللہ چوہدری کی مشترکہ پریس کانفرنس ہے جس میں ان وزراء نے اعلان کیا کہ گندم کی قیمت 1300 روپے سے 1365 روپے فی من اور گنے کی 180 سے 190 روپے من کی جارہی ہے ،ان اقدامات سے کسانوں کو 40 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔میاں اسلم اقبال کے مطابق سندھ سے ٹماٹر کی فصل آنا شروع ہوگئی ہے جلد ہی اس کی قیمت پر قابو پالیا جائے گا ۔صوبائی وزیر نے میڈیا ٹاک کے دوران اعتراف کیا کہ گنے کی قیمت بڑھانے سے چینی کی قیمت بھی بڑھ سکتی ہے۔وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری اور وزیر زراعت نعمان لنگڑیال کے مطابق شوگر مل مالکان سے4 اعشاریہ 137 ارب روپے کسانوں کو دلوادیئے ہیں۔ کسانوں کو ادائیگیاں نہ کرنے والی ملیں بند کردی گئیں،گندم اور گنے کی قیمت میں حالیہ اضافہ حالات کے مطابق کیا ہے ۔