اسلام آباد ( وی و پی نیوز )وزیراعظم عمران خان نے نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے متعلق فرانسیسی مصنف کے قول کو پسندیدہ قرار دے دیا۔انہوں نے کہا ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے متعلق فرانسیسی مصنف کا یہ قول میرے پسندیدہ ترین اقوال میں سے ایک ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے فرانس کے مصنف، سیاستدان اور شاعر الفونسے ڈی لامرٹائن کا ایک قول شیئر کر دیا۔فرانسیسی مصنف نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اُن کی شخصیت

کو دنیا میں لاثانی قرار دیا۔قول کی تصویر شیئر کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے لکھا کہ ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں میرے پسندیدہ اقوال میں سے ایک یہ ہے۔وزیر اعظم عمران خان کا فرانسیسی مصنف کا نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے متعلق پسندیدہ قول:
الفونسے ڈی لامرٹائن کے مطابق
اگر مقصد کی عظمت، انکساری اور حیرت انگیز نتائج ہی انسانی ذہانت کے تین معیار ہیں تو کس کی ہمت ہے جو تاریخ کے عظیم انسان محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے موازنہ کرسکے؟دنیا کی معروف شخصیات نے صرف اسلحہ، قانون اورسلطنتیں تخلیق کیں لیکن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان چیزوں کی محض بنیاد رکھی، یہ ایسی مادی طاقتیں ہیں جو ان کے سامنے ہی نیست و نابود ہوگئیں۔لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ناصرف فوج، قانون سازی، سلطنت، قوم ، خاندان بلکہ اس وقت کی آباد دنیا کے ایک تہائی حصے میں لاکھوں لوگوں میں انقلاب برپا کیا، لیکن اس سے بھی زیادہ، انہوں نے دیوتاؤں، مذاہب ، طرزفکر، عقائد اور ایمان کے نظریات کوبدل کر رکھ دیا۔
خیال رہے کہ فرانس میں اسلام مخالف مہم اور صدر میکرون کی جانب سے مہم کے دفاع میں بیان کے بعد سے دنیا کے کئی ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کے ساتھ ساتھ مذمتی پیغامات بھی سامنے آئے۔وزیر اعظم کی جانب سے یہ پیغام بھی اسی تناظر میں شیئر کیا گیا ہے۔