لاہور ( نیٹ نیوز)ملک میں کورونا کی تیسری لہر بچوں کے لیے دن بہ دن خطرناک صورت اختیار کرتی جارہی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہی روز میں ایک سے10 سال کی عمر کے مزید 2 بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔یکم اپریل سے اب تک کوروناکے باعث 7 بچے جبکہ یکم فروری سے اب تک کورونا کے باعث 1 سے 10 سال کی عمر کے 14 بچے

جان سے جا چکے ہیں۔کورونا وائرس کے باعث اب تک1 سے10 سال تک کے 47 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔این سی او سی کے مطابق کورونا کی پہلی لہر کے آغاز سے 30 جولائی تک 12 بچے کورونا سے جاں بحق ہوئے، یکم اگست 2020 سے رواں سال 31 جنوری تک 21 بچے جاں بحق ہوئے۔کورونا کی پہلی دوسری لہر میں مجموعی طور پر 31 جنوری 2021 تک 33 بچے جاں بحق ہوئے۔دوسری جانب صوبۂ پنجاب میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر میں اب تک 8ہزار 520بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔محکمہ صحت پنجاب کےمطابق گزشتہ سال 10 ہزار 847 بچے کورونا سے متاثر ہوئےتھے،لاہور میں 3 ماہ میں 4 ہزار 133 بچے کورونا میں مبتلا ہوئے۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق لاہور میں گزشتہ سال 4 ہزار 257 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، چلڈرن اسپتال لاہور میں رواں سال 94بچوں میں کیسز رپورٹ ہوئے۔محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ مارچ میں 44 بچوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔