لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی دارالحکومت میں قائم یوٹیلیٹی سٹورز پر شہریوں کو ٹوکن ملنے اور آئی ڈی کارڈ کی کاپی جمع کروانے کے باوجود بھی سامان میسرنہ ہو سکا شہریوں کی بڑی تعداد سستے گھی،چینی،آٹے کیلئے دربدر،گھروں کو مایوس لوٹنا پڑا۔ صوبائی دارالحکومت میں قائم یوٹیلیٹی سٹورز پر شہری بڑی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر اپنے روز مرہ سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے چکر لگانے پر مجبور ہو گئے شہر کے بعض سٹورز پر شہریوں کا
رش ہونے جبکہ بعض پر سامان مہیا نا ہونے پر مایوس لوٹنا پڑا، جس پر شہریوں نے روزنامہ “پاکستان”سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے دل کی خوب بھڑاس نکالی اور انتظامیہ کی نا اہلی کا رونا رویا۔ساجد،عرفان،قاسم،آصف،ذوالفقار،نصیر،عامر نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہمارے پاس آئی کارڈز اورٹوکن بھی موجود ہیں اس کے باوجود بھی ہمیں سامان کی فراہمی میں مشکل کا سامنا ہے انتظامیہ کی نا اہلی ہے کہ آئے روز سامان ختم ہونے کا بہانہ بنا کر ہمارا قیمتی وقت برباد کیا جا رہاہے۔مہنگائی کے باعث اگر ہم لوگ سستی اشیاء خریدنے کے لئے یہاں کا رُخ کرنے پر مجبور ہیں تب بھی ہمیں مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملتا۔جبکہ دیگر سٹورز پر بھی شہریوں کی لمبی تعداد میں قطاروں کے باعث شہری انتظامیہ کے رویے اور ناہلی سے پریشان دکھائی دیئے۔