کابل ( مانیٹرنگ ڈیسک ) افغانستان میں گزشتہ رات 6 اعشاریہ 1 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں 950 افراد ہلاک جبکہ زلزلے کے باعث مختلف واقعات میں 610 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔سربراہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ زلزلے سے صوبے ننگرہار اور خوست میں بھی اموات
رپورٹ ہوئی ہیں۔افغانستان میں زلزلے کے جھٹکے کابل، غزنی، پکتیکا، خوست، ننگر ہار اور لغمان میں محسوس کیے گئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 6 اعشاریہ 1 شدت کا یہ زلزلہ خوست سے تقریباً 44 کلومیٹر (27 میل) کے فاصلے پر 51 کلو میٹر کی گہرائی میں آیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ شب پاکستان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں بھی رات گئے 6 اعشاریہ 1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔زلزلے کے جھٹکے پاکستان میں بھی رات 2 بج کر 24 منٹ پر محسوس کیے گئے،تاہم یہاں اس زلزلے سے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔