لاہور ( نیٹ نیوز )امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں خواتین کی لمبی زندگی کی بنیادی وجہ سامنے آگئی ہے۔امریکا میں 50 سے 79 سال کی عمر کی 1 لاکھ 60 ہزار خواتین کی زندگیوں کا جائزہ لیا گیا اور یہ تحقیق 26 سال تک جاری رہی۔اس تحقیق میں شامل خواتین نے لمبی زندگی گزارنے کے لیے مثبت سوچ رکھنے پر زور دیا۔اسی بنیاد پر پھر محققین نے تحقیق میں شامل خواتین کو ان کی مثبت سوچنے کی صلاحیت کے حساب سے دو حصّوں میں بانٹ دیا۔
ایک گروپ ان خواتین کا تھا جوکہ زیادہ مثبت سوچ رکھتی تھیں اور دوسرے گروپ میں ان خواتین کو شامل کیا گیا جو کہ مایوسی کا شکار تھیں۔ماہرین نے 2019 میں کیے گئے اس مطالعے سے یہ نتیجہ نکالا کہ سب سے زیادہ مثبت سوچ کی حامل خواتین غیر معمولی طور لمبی عمر تک زندہ رہنے کا امکان ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس تحقیق کے نتائج کسی کے تعلیمی پس منظر، معاشی حیثیت، نسل، ذہنی صحت اور صحت کی دائمی حالتوں کے باوجود آج بھی درست ہیں۔عام طور پر، جو لوگ مثبت سوچتے ہیں وہ ذہنی تناؤ پر مؤثر طریقے سے قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ایسے میں ذہنی تناؤ کے صحت پر پڑنے والے اثرات کو کم کیا جاسکتا ہے، جیسے کہ جسم میں موجود اسٹریس ہارمون پر کنٹرول رہتا ہے جو کہ دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر کو بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔