کراچی ( کامرس نیوز ) ملک میں ڈالر کی اڑان پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے مہنگا ہوکر 230 روپے کا ہوگیا ہے۔انٹر بینک میں بھی ڈالر کی قدر میں اضافہ تیزی کے ساتھ جاری ہے۔دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آج کاروبار کا منفی رجحان رہا۔پی ایس ایکس 100 انڈیکس اب سے کچھ دیر پہلے تک 269 پوائنٹس کم ہو کر 39652 کی سطح پر موجود ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز روپے کی قدر میں کمی کا
تسلسل برقرار رہا، روپے کے مقابلے میں انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 3 روپے اور اوپن مارکیٹ میں مزید 4 روپے بڑھی۔جمعرات کو انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید مزید 2.75 روپے کے اضافے سے 225.00 روپے سے بڑھ کر 227.75 روپے اور قیمت فروخت 3 روپے کے اضافے سے 225.50 روپے سے بڑھ کر 228.50 روپے ہو گئی جو کہ نئی ریکارڈ قیمت ہے۔اوپن مارکیٹ میں 4 روپے کے مزید اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 224.00 روپے سے بڑھ کر 228.00 روپے اور قیمت فروخت 225.00 روپے سے بڑھ کر 229.00 روپے ہوئی۔گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سیاسی عدم استحکام اور ملکی معیشت سے متعلق گردش کرتی منفی خبروں کے اثرات کے سبب ایک روز کے مثبت رجحان کے بعد پھر مندی کا شکار رہی۔سرمائے کے انخلاء کی وجہ سے کے ایس ای100انڈیکس میں 628 پوائنٹس کی کمی ،40 ہزار پوائنٹس کی حد بھی برقرار نہ رہی ،انڈیکس 20 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا۔