لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) سپریم کورٹ نے حمزہ شہباز کا بطور وزیر اعلیٰ یکم جولائی کا اسٹیٹس بحال کر دیا، آج سے حمزہ شہباز ایک مرتبہ پھر عبوری وزیر اعلیٰ ہوں گے، کیس کے فیصلے تک ایک ٹرسٹی کے طور پر کام کریں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب، ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے خلاف پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی گئی۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کا دفاع کس بنیاد پر کررہے ہیں؟جس کے جواب میں عرفان قادر نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کی بنیاد پر دفاع کر رہے ہیں، سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا تھا کہ منحرف اراکین کےووٹ شمارنہیں ہوں گے۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہم 17 مئی کے فیصلے پر نظر ثانی نہیں کریں گے، ہمارے پاس17 مئی والا آرڈر ابھی یہاں چیلنج نہیں ہوا ہے، ڈپٹی سپیکر نے سپریم کورٹ آرڈر کی آڑ لے کر ووٹ شمار نہیں کیے، وہ حصہ بتائیں کہاں ہے؟
عدالت نے پوچھا کہ آپ بڑےسینئر وکیل ہیں آپ کو پتہ ہوگا اسپیکر نے فیصلہ کہاں سے اخذ کیا؟
عرفان قادر نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر نےسپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں ووٹ شمارنہ کرنا درست سمجھا، ڈپٹی سپیکر کے پاس 2 چوائسسز تھیں، ڈپٹی سپیکر یا تو کہتے ووٹ شمار نہیں ہوں گے یا ووٹ شمارہوگا، سپریم کورٹ نے کہا تھا پارلیمنٹری پارٹی کی ہدایت کے خلاف ووٹ شمار نہیں ہوگا۔اس سے قبل وقفے کے بعد دوبارہ سماعت کا آغاز ہوا تھا، جس میں چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سماعت اب ویڈیو لنک پر ہوگی۔سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں رش کی وجہ سے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی گئی۔سماعت کے دوبارہ آغازکے موقع پر کمرہ عدالت وکلا اور لوگوں سے کھچا کھچ بھر گیا، دلائل کیلئے وکلا کے کھڑے ہونے کی جگہ کم پڑگئی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ کمرۂ عدالت سے کچھ لوگ باہر چلے جائیں،کیس کی سماعت اب ویڈیو لنک کے ذریعے ہوگی۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ویڈیو لنک والا کمرہ کھول دیا گیا، بینچ کے روبرو صرف وکلا پیش ہوں گے، ویڈیو لنک کا فیصلہ لوگوں کے رش کی وجہ سے کیا گیا ہے۔وقفے کے بعد دوبارہ سماعت کے موقع پر ڈپٹی اسپیکر سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہوئے عرفان قادر ایڈووکیٹ نے بتایا کہ میں ان کی طرف سے پیش ہوا ہوں۔چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا آپ کے پاس ڈپٹی اسپیکر کا وکالت نامہ ہے؟ عرفان قادر ایڈووکیٹ نے کہا کہ جی میرے پاس دوست محمد مزاری کا وکالت نامہ ہے۔اس سے قبل سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کو 2 بجے طلب کیا تھا، چیف سیکرٹری اورحمزہ شہباز کو بھی نوٹس جاری کیا گیا، چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ڈپٹی سپیکر کو ذاتی طور پر سننا چاہتے ہیں۔