اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا تو ایک منٹ نہیں لگاؤں گا پنجاب اسمبلی توڑ دوں گا۔ پرویزالٰہی نے عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی،عمران خان نے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر پنجاب کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر گفتگو ہوئی جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی، ڈپٹی سپیکر اور پنجاب کابینہ سمیت اہم تقرریوں پر مشاورت ہوئی۔ملاقات کے دوران پی ٹی
آئی رہنما سبطین خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف کے لیے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے، پنجاب کی عوام نے چوروں کے ٹولے کو مسترد کر دیا ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب میں تحریک انصاف کی اتحادی حکومت واپس آنے کے بعد صوبے میں صحت انصاف کارڈ، لنگر خانے اور پناہ گاہیں دوبارہ سے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیاگیاہے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران عمران خان نے قانونی ٹیم کو مبادکباد دی۔روزنامہ ” پاکستان ” کے مطابق عمران خان نے وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی سے ملاقات میں مشاورت پر پارٹی قیادت کو اعتماد میں لیا جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی کا عہدہ سبطین خان کو دیئے جانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا.