ممبئی ( شوبز نیوز ) یہ تو آپ سب جانتے ہیں کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور رواں سال اپریل میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اوربالی وڈ کی اس مشہور جوڑی نے جون کے آخر میں اپنے مداحوں کو خوشخبری سنائی تھی کہ ان کے ہاں جلد ہی پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ تازہ ترین خبر یہ ہے کہ کپور فیملی کی بہو عالیہ بھٹ نے اپنے بارے میں ایک اہم فیصلہ لیا ہے . اپنے حالیہ انٹرویو میں عالیہ بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے اپنے نام کے ساتھ اپنے
شوہر رنبیر کپور کے خاندانی نام ’کپور‘ کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ اُنہیں’عالیہ بھٹ کپور‘ کہلائے جانے پر خوشی ہو گی، اس لیے وہ بہت جلد اپنا نام تبدیل کر لیں گی۔اُنہوں نے بتایا کہ” میرا فلمی نام ’عالیہ بھٹ‘ ہی رہے گا لیکن پاسپورٹ پر میرا نام ’عالیہ بھٹ کپور‘ ہوگا کیونکہ اب میں کپور فیملی کا حصّہ ہوں‘ میں کافی عرصے سے اپنا نام تبدیل کرنے کے بارے میں سوچ رہی تھی لیکن مجھے کام کی وجہ سے وقت نہیں مل رہا تھا۔ اب ہمارے ہاں ایک بچہ پیدا ہونے والا ہے، اس لیے جب سب کپور اکٹھے سفر کر رہے ہوں تو میں اکیلی بھٹ ہوں گی۔ پاسپورٹ پر اپنا نام اس لیے تبدیل کرنا چاہتی ہوں تاکہ میں اپنے آپ کو کپورز کے ساتھ اکیلا محسوس نہ کروں”۔