نیویارک ( مانیٹرنگ ڈیسک ) امریکی انٹیلیجنس کا کہنا ہے کہ روس شمالی کوریا سے کروڑوں ڈالر کے راکٹ اور گولہ بارود خرید رہا ہے، جسے یوکرین جنگ میں استعمال کیا جائے گا۔نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی عہدیدار نے کہا کہ روس کی وزارت دفاع کا پیانگ یانگ سے ہتھیار خریدنا اس بات کی نشانی ہے کہ روسی فوج کو یوکرین میں اسلحہ کی کمی کا سامنا ہے۔” جنگ ” کے مطابق امریکی انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ روس مستقبل میں
شمالی کوریا سے مزید فوجی ساز و سامان کی خریداری کرسکتا ہے۔دوسری جانب رپورٹ میں کہا گیا کہ یورپ اور مغربی ممالک کی طرف سے سرد مہری کے بعد شمالی کوریا روس سے تعلقات مستحکم کرنا چاہتا ہے۔شمالی کوریا کی حکومت نے یوکرین بحران کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہرایا اور کہا کہ روس کی یوکرین میں جاری فوجی کارروائی مغرب کی غاصبانہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔حال ہی میں روس کے صدر پیوٹن اور ان کے شمالی کوریائی ہم منصب کم جونگ ان نے خطوط کا تبادلہ کیا تھا جس میں اسٹریٹجک تعاون کو وسیع کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔