اسلام آباد ( نیوز ڈیسک )چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس وفاقی دارالحکومت میں ہوا، جس میں ملک میں11، 25 ستمبر اور 2 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن ملتوی کردیے گئے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات کی صرف پولنگ کی تاریخوں کو ملتوی کیا گیا ہے، ضمنی الیکشن کے باقی مراحل شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ این اے157، پی پی 139، پی پی 241 میں ضمنی الیکشن ملتوی کیے گئے ہیں۔قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 22، این اے 24، این اے 31 ، این اے 45 پر 25 ستمبر کےضمنی الیکشن بھی ملتوی کیے گئے ہیں۔ پی پی 209 پر 2 اکتوبر کو ہونےوالا ضمنی الیکشن بھی
ملتوی کردیا گیا ہے.ای سی پی کے مطابق پولیس، پاک فوج، رینجرز، کانسٹیبلری، انتظامیہ سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ سے پاک فوج، رینجرز اور کانسٹیلبری کی خدمات طلب کی تھیں۔سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے کہا کہ قومی ایمرجنسی کے باعث ان کی تعیناتی کی تا حال یقین دہانی نہیں کروائی گئی، خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کشیدہ ہے، خیبر پختونخوا میں حالیہ دنوں مین قانون نافذ کرنے والےاداروں پر حملے کیے گئے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق وزارت داخلہ نے بتایا آرمی، رینجرز، ایف سی سیلاب کےباعث امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، سیکیورٹی فورسز دشتگردی کی کارروائیوں کی روک تھام میں مصروف ہیں، وزارت داخلہ نے بتایا سیکیورٹی فورسز کی پرُ امن ضمنی الیکشن کے لیے دستیابی مشکل ہے، سیکیورٹی فورسز کی عدم موجودگی پُر امن الیکشن کے انعقاد کے لیے موزوں نہیں ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ کے لیے مختص عمارتوں میں سیلاب متاثرین کو رکھا گیا ہے، انتخابات میں پاک فوج، رینجرز، کانسٹیبلری کی پُر امن الیکشن کے لیے دستیابی ضروری ہے۔