کراچی ( وی او پی نیوز ) سیلاب ابھی گیا نہیں ،سندھ حکومت نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سروے کے لیے یونین کونسل سطح پر جوائنٹ سروے کمیٹیاں بنا دی ہیں، کمیٹی میں ضلع انتظامیہ، پاک آرمی، این ڈی ایم اے اور متعلقہ یوسی کے نمائندے ہوں گے۔نقصانات کے مطابق یو سی میں ایک سے زائد کمیٹیاں بنائی جاسکتی ہیں، ڈپٹی
کمشنر کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ سپروائزری کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں سے مزید 17 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد تعداد 724ہوگئی ہے، حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے 8422 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 23 ہزار 312 مویشی ہلاک ہونے کی رپورٹ ملی ہے، مویشیوں کی مجموعی اموات 3 لاکھ 13 ہزار 509 ہو چکی ہیں، 10 لاکھ 61 ہزار 776 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ 7 لاکھ 20 ہزار 749 گھر مکمل طور پر گر چکے ہیں۔صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ 1 کروڑ 9 لاکھ 46 ہزار 553 افراد متاثر ہوئے ہیں، 21 لاکھ 27 ہزار 311 خاندان متاثر ہوئے ہیں، مجموعی طور پر 72 لاکھ 56 ہزار 981 افراد بے گھر ہوئے ہیں، متاثرین کو اب تک 2 لاکھ 84 ہزار 625 خیمے اور 2 لاکھ47 ہزار 512 پلاسٹک ترپال دیے ہیں، 7 لاکھ 36 ہزار 949 خاندانوں کو راشن بیگس دیے گئے ہیں، سندھ حکومت امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔