راولپنڈی ( وی او پی نیوز ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشتگردی کو کسی صورت دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا، دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کیلئے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں سے تعاون جاری رہے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں ملکی داخلی اور خارجہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل
قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے ہر ممکن کارروائی کرے گی۔ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کیلئے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں سے تعاون جاری رہے گا۔” جنگ ” کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج کی تمام فارمیشنز کسی بھی طرح کے خطرے سے نمٹنے کیلئے چوکس رہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز میں سیلاب زدگان کے لیے امدادی سرگرمیوں پر بات چیت ہوئی۔آرمی چیف نے انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے ایف ڈبلیو او کے کردار کی تعریف کی۔آرمی چیف نے آرمی فارمیشنز کو سیلاب زدگان کی جلد از جلد بحالی کی ہدایت کی۔سپہ سالار نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیماریوں کا پھیلاؤ روکنے سے متعلق پاک فوج کے کردار کو سراہا۔آرمی چیف نے آرمی انجینئرز اور ایف ڈبلیو او کے مواصلاتی نظام کی بحالی کے اقدامات کو بھی سراہا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔