لاہور (نیوز ڈیسک ) کل لانگ مارچ کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا ، انہیں زخمی حالت میں لاہور لایا گیا . اس وقت ان کی صورتحال کیا تھی ، انہیں کہاں طبی مدد فراہم کی گئی ؟ اس حوالے سے بہت سے سوالات زیر گردش ہیں جن میں سے اکثر کے جوابات بھی آ چکے ہیں . لاہور میں جناح ہسپتال کی انتظامیہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈاکٹر سجاد
گورایہ کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم نے عمران خان کا میڈیکو لیگل مکمل کر لیاہے ۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر سجاد جناح ہسپتال کے شعبہ آرتھو پیڈک کے سربراہ ہیں، میڈیکل ٹیم میں فرانزک ڈاکٹر فرحت سلطانہ بھی شامل تھیں۔ انتظامیہ نے بتایا کہ جب عمران خان کو شوکت خانم ہسپتال لایا گیا تو وہ بے ہوش تھے ، عمران خان کی دونوں ٹانگوں میں ایک ایک گولی لگی ہے ، دائیں ٹانگ پر گولی چھو کر گزری ہے جبکہ دوسری گولی نے بائیں ٹانگ کی ہڈی کو متاثر کیاہے۔ عمران خان کی دونوں ٹانگوں پر زخموں کے 16 نشانات پائے گئے ہیں ۔اور اب تازہ ترین اطالاعات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کے ملزم نوید کی نشاندہی پر مزید 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔” جنگ ” کے مطابق پولیس کے ذرائع کے مطابق ملزمان وقاص اور ساجد بٹ نے ملزم نوید کو پستول فراہم کی تھی۔ وقاص اور ساجد بٹ کو وزیرآباد سے گرفتار کیا گیا ہے جنہوں نے 20 ہزار روپے کے عوض ملزم نوید کو پستول اور گولیاں بیچیں۔پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملزم کے پاس پستول بغیر نمبر اور لائسنس کے تھا۔