نئی دلی / بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پربھارتی اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے جس میں دونوں اطراف کے فوجی زخمی ہوئے ہیں۔”انڈیا ٹوڈے “کے مطابق 300 سے زائد چینی
فوجیوں نے 17 ہزار فٹ کی چوٹی تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، یہ علاقہ اب برف کی زد میں ہے۔ چینی فوجیوں نے ایک بھارتی پوسٹ کو اکھاڑ پھینکنا چاہا لیکن بھارتی جانب سے اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ جھڑپ کے بعد دونوں فریق فوری طور پر علاقے سے پیچھے ہٹ گئے۔”ڈیلی پاکستان آن لائن” کے مطابق یہ جھڑپ 9 دسمبر کو توانگ سیکٹر کے قریب یانگسٹے علاقے میں ہوئی۔ دست بدست لڑائی میں دونوں طرف سے چند اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔ جھڑپ میں کم از کم 6 بھارتی فوجی زخمی ہوئے اور انہیں علاج کے لیے ہوائی جہاز سے گوہاٹی لے جایا گیا۔