شہباز شریف ایک، دو دن میں بتادیں وعدے پورے ہوں گے یا نہیں؟ایم کیو ایم نے وارننگ دیدی

Spread the love

کراچی (وی او پی نیوز ) اور اب ایم کیو ایم نے وزیر اعظم اور پی ڈی ایم کو وارننگ دیدی ہے.متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نےایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف ایک، دو دن میں بتادیں وعدے پورے ہوں گے یا نہیں؟ وعدے پورے کریں اور تحفظات دور کریں ورنہ ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ ہم نے موجودہ صورتحال میں فیصلہ کرنا ہے۔ ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ حکومت کے ساتھ رہ کر الیکشن لڑیں یا باہر رہ کر، اب ہم سے صبر کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے معاہدے میں ہمارا نکتہ ہی یہ تھا کہ موجودہ بلدیاتی حلقہ بندیاں درست نہیں، ہم چاہتے ہیں 15 جنوری سے پہلے کراچی اور حیدر آباد کی حلقہ بندیاں از سر نو کی

جائیں۔ایم کیو ایم کنوینر نے کہا کہ 15جنوری سے پہلے حلقہ بندیاں قانون اور آئین کے مطابق درست نہ ہوئیں تو سڑکوں پر احتجاج کے لیے مجبور ہوں گے۔رابطہ کمیٹی نے تمام معاملات کا جائزہ لیا، موجودہ حکومت کا ہم بہت اہم حصہ ہیں، پیپلز پارٹی نے یقین سے کہا تھا کہ ہمارے مطالبات 100 فیصد جائز ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے لیے ایم کیو ایم تیار ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات تاخیر سے ہو رہے ہیں، انتخابات شفاف اور دباؤ کے بغیر چاہتے ہیں۔ سندھ کے بہت سارے معاملات پر پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا، ہم 8، 10 ماہ سے پی پی کی قیادت سے کئی مذاکرات کرچکے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں 15 جنوری کو صاف، شفاف، غیر جانبدارانہ بلدیاتی الیکشن ہوں، حکومت سے کہا تھا کہ حکومت میں شامل ہونے سے ہمیں سندھ میں نقصان ہوگا۔ الیکشن کمیشن صاف اور شفاف الیکشن کروانے کی ذمہ داری پوری کرے، 2018 میں صاف شفاف الیکشن نہیں کروائے گئے تو اس کے نتائج سب نے دیکھ لیے۔” جنگ ” کے مطابق خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ’شہباز شریف ایک دو دن میں بتائیں کہ آپ نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے ہوں گے یا نہیں؟ وزیراعظم صاحب آپ نے اسلام آباد میں تو بلدیاتی انتخابات سے پہلے حلقہ بندیاں تبدیل کرلیں۔‘ان کا کہنا تھا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم جُڑ جائے، ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں۔‘ایم کیو ایم کنوینر نے کہا کہ کیا انہوں نے انتخابات سے پہلے طے کر لیا ہے کہ کراچی کا اگلا مئیر پیپلز پارٹی سے ہوگا؟ مئیر کا فیصلہ تو صاف شفاف انتخابات کے ذریعے ہی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پہلے لوگوں کے دل جیتے، ہمارا حکومت میں بیٹھنا ضروری نہیں، ہم حکومت سے باہر بیٹھ کر بھی حکومت کو سپورٹ کر سکتے ہیں۔

Tayyba Bukhari

Learn More →

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

%d bloggers like this: