لاہور ( طیبہ بخاری سے)سید مودودیؒ انٹرنیشنل کانفرنس لاہور میں شروع ہو گئی ، بین الاقوامی کانفرنس میں ترک اسلامی تحریک کے سفیر مصطفیٰ اوزگل اور اخوان المسلمون مصر کے رہنما ڈاکٹر عزام تمیمی بھی شریک ہوئے ۔ کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں سے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔کانفرنس کا افتتاح نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ اور ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان شکیل احمد نے کیا ۔ افتتاحی سیشن کی صدارت نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کی، شرکاء سے افتتاحی کلمات ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے کہے ان کا کہنا تھا کہ طلبہ
عملی طور پر مولانا مودودی کی تصنیفات اور کلمات کو اپنائیں تاکہ معاشرے میں ایک مثبت تبدیلی رونما ہوسکے ۔ کانفرنس کے مندوبین نے مولانا مودودیؒ کی مذہبی و سیاسی خدمات پر خراجِ عقیدت پیش کیا ،اُنکا کہنا تھا کہ مولانا مودودی اکیسویں صدی کی خدمات امت مسلمہ کے لئے قابل ستائش ہیں ۔
سیدمودودیؒ انٹرنیشنل کانفرنس لاہور میں 2 روز تک جاری رہے گی اور بین الاقوامی سیشن میں عالمی اسلامی تحریکوں کے رہنما شرکت کریں گے ، کانفرنس میں اسلام کے تصور تعلیم، سیاست، جہاد اور بین الاقوامی تعلقات پر پینل ڈسکشن بھی ہوگی جبکہ کانفرنس میں خواتین کے حقوق پر خصوصی ڈسکشن کا اہتمام بھی کیا گیا ہے ۔ کانفرنس کے دوران مولانا مودودیؒ کے علمی و تحقیقی کام کی نمائش بھی کی جائے گی۔یاد رہے مولانا مودودیؒ 22 ستمبر 1979ء کو انتقال کرگئے تھے ، مولانا مودودیؒ نے قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی ہدایت پر 1948ء اسلامی نظامِ حکومت کا خاکہ پیش کیا اور آپ کی تقاریر ریڈیو پاکستان سے نشر کی جاتی رہیں ۔ مولانا مودودیؒ نے 1941ء میں جماعتِ اسلامی کی بنیاد رکھی، خدمات کے پیشِ نظر آپکوشاہ فیصل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، آپ شہرۂ آفاق تفسیر “تفہیم القرآن” سمیت سینکڑوں کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔