اسلام آباد ( وی او پی نیوز ) بجٹ میں قرض و سود کی ادائیگی پر کتنے ارب روپے خرچ ہونگے ؟ اس حوالے سےمرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری کا کہنا ہے کہ بجٹ میں 7400 ارب روپے قرض و سود کی ادائیگی پر خرچ ہونگے۔اسلام آباد میں مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی پر دفاع سے کئی گنا زیادہ پیسے خرچ ہوں گے۔امید تھی کہ وزیرِ
خزانہ اسحاق ڈار باہمی مشاورت سے بجٹ تشکیل دیں گے، یہ فرمائشی اور نمائشی بجٹ کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہو گا۔ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر پیش کیا گیا بجٹ قابلِ قبول نہیں ہو گا، قرض کی ادائیگی کے لیے حکومت کے پاس کوئی واضح منصوبہ نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جنرل سیلز ٹیکس کو 10 فیصد سے کم کیا جائے، جی ایس ٹی بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آتا ہے، بجٹ میں ڈالر کنٹرول کرنے اور شرح سود کم کرنے کا طریقہ کار بنایا جائے۔کاشف چوہدری نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ چھوٹے تاجروں کے لیے فکس ٹیکس کا نظام متعارف کرایا جائے، 44 اقسام کے ٹیکس اور 21 اداروں کے این او سی کی وجہ سے کوئی سرمایہ کار نہیں آ سکے گا۔