کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )کیا آپ جانتے ہیں کہ ملک میں جاری مون سون بارشوں میں اب تک کتنے افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں ؟ 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 76 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جاں بحق ہونے والوں میں 15 خواتین اور 31 بچے شامل ہیں۔ مون سون بارشوں میں ہونے والے جانی اورمالی نقصان پر این ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 9 افراد جاں بحق ہوئے، خیبر پختون خوا میں 2، پنجاب میں 5 افراد بارشوں کے سبب مختلف واقعات میں جاں بحق ہوئے، 8 افراد زخمی ہوئے۔رپورٹ کی تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ 48 اموات پنجاب میں رپورٹ ہوئیں، خیبر پختون خوا 20 اور بلوچستان میں 5 اموات رپورٹ ہوئیں، آزاد کشمیر سے 3 اموات
رپورٹ ہوئیں۔ حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں 135 افراد زخمی ہوئے، ملک میں بارشوں سے 78 گھروں کو نقصان پہنچا۔این ڈی ایم اے نے مختلف شہروں میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔”اے آر وائی نیوز ” کے مطابق ادھر پنجاب کے مختلف شہروں مون سون کا دھواں دھار اسپیل جاری ہے، وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش برس رہی ہے، لاہور کی سڑکیں سوئمنگ پول میں تبدیل ہو چکی ہیں، گاڑیاں پانی میں تیرنے لگی ہیں، قذافی اسٹیڈیم کے باہر کی سڑک تالاب بن گئی۔کراچی پر بھی گہرے بادل جم کے برس پڑے، ایئر پورٹ،م لیر، شاہ فیصل، نارتھ کراچی اور سہراب گوٹھ میں تیز بارش نے رنگ جما دیا، بچے ناچتے گاتے بارش کے مزے لینے نکل آئے، کلفٹن، بوٹ بیسن کے اطراف بھی بارش برسی، صدر، اولڈ ایریا، شارع فیصل، گلشن، جوہر، معمار، سرجانی، عائشہ منزل، لیاقت آباد، ناظم آباد، لانڈھی سمیت کئی علاقوں میں بھی کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم شہر میں مکمل طور پر فعال ہو گیا ہے، اور چوبیس گھنٹوں میں چالیس سے پچاس ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔