لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب کے دل لاہور میں گذشتہ 6 ماہ بچوں اور بچیوں پر کیسے گزرے؟ جان کر آپ کے ہوش اڑ جائیں گے، انسانیت شرمسار ہو جائے گی ۔۔۔۔۔کاش یہ6 ماہ ان بچوں اور بچیوں کی زندگی میں نہ آتے ۔یہ جان کر آپ کو افسوس ہو گا کہ لاہور میں گذشتہ 6ماہ میں بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے 161واقعات رونما ہوئے اور ان واقعات میں 153 ملزمان کو گرفتار کیا جا سکا ہے۔ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال کے ساڑھے
6 ماہ کے دوران شاید ہی کوئی دن ایسا ہو جس میں کسی بچی سے زیادتی یا بچے کو بد فعلی کا نشانہ نہ بنایا گیا ہو۔” جنگ ” کے مطابق لاہور میں بچوں سے بد فعلی کے 98 مقدمات درج کیے گئے جن میں ملوث 82 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 66 کے چالان عدالتوں میں جمع کرائے گئے۔ان میں 14 مقدمات زیرِ تفتیش ہیں جبکہ 2 اشتہاری ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔دوسری جانب اس عرصے میں بچیوں سے زیادتی کے 63 واقعات رونما ہوئے جن میں 11 کی تفتیش جاری ہے اور 71 ملزمان کو گرفتار کر کے 44 چالان عدالتوں کو بھجوا دیے گئے ہیں۔ زیادتی کے 3 اشتہاری مجرمان کو تا حال گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔