لاہور ( وی او پی نیوز ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کی موجودگی میں گورنر ہاؤس لاہور میں (ن) لیگ اور پی پی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں صدارتی انتخاب میں اپنے والد آصف علی زرداری کےلیے ووٹ مانگنے آیا ہوں۔ بحران سے نمٹنے کے لیے ایوان صدر میں وفاق کے حقیقی نمائندے کی ضرورت ہے۔پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ایک مخصوص سیاسی جماعت نے معاشرے میں تقسیم اور نفرت کو فروغ دیا ہے، عوام کا مطالبہ ہے کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ترک کیا جائے۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے رمضان پیکیج دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تعریف کی۔
file photo
پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ بلاول ووٹ مانگنے نہ بھی آتے تو بھی (ن) لیگ کا ووٹ زرداری کے لیے ہی تھا۔ آصف زرداری ہی صدارتی الیکشن میں (ن) لیگ کے امیدوار ہیں، ووٹ انہیں ہی دیں گے، گزشتہ 5 سال میں ایوانِ صدر سے مسلسل آئین شکنی کی گئی۔ صدر مملکت کسی سیاسی جماعت کا نہیں پورے ملک کا ہوتا ہے، قوم انہیں اچھے الفاظ میں یاد نہیں رکھے گی، بلاول نے جس جماعت کو کارٹونز کہا وہ کارٹون نیٹ ورک چلا کر رکھتی ہے۔( ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ ایجنڈا ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے، ہم آج تک 3 لاکھ نگہبان رمضان پیکیج تقسیم کر چکے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ آصف علی زرداری صدارتی الیکشن میں ہمارے امیدوار ہیں، ایوان صدر میں ایک ایسی شخصیت آئے گی جو سیاست کو سمجھتی ہے، گزشتہ 5 سال میں ایوان صدر سے مسلسل آئین شکنی گئی۔