لاہور ( وی او پی نیوز ) آمدہ محرم الحرام کے لیے سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی جو ضابطۂ عزاداری جاری کریں گے اس پر قومی سطح پر بھرپور عمل درآمد کیا جائے گا، عزاداری شہ رگ حیات اور آئینی حق ہے جس پر کوئی پابندی قبول نہیں کی جائیگی۔ ملتِ جعفریہ دینی و ایمانی و روحانی مرکز تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کے ہر لائحہ عمل پر لبیک کہنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہے گی، ملک میں دہشتگرد عناصر کے بتوں کو پاش پاش کرنے کیلئے موسویؒ امن فارمولے پر عمل درآمد کِیا جائے جسے سپریم کورٹ نے اہم دستاویز قرار دے کر عدلیہ کے سرکاری ریکارڈ کا حصہ بنایا ہے، ملک میں بیرونی سرمائے کے بل بوتے پر سرگرم عمل دشمنانِ نظریۂ اساسی کو اتحاد و یکجہتی سے ناکام کرتے رہیں گے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت بیرونی فنڈنگ کو روکا جائے اور پاکستان کو قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ کے افکار کا آئینہ دار بنایا جائے، رہبرِ تشیُع قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی اعلی اللہ مقامہ کے تعلیم کردہ رہنما اصولوں ولایتِ علیؑ ابنِ ابی طالبؑ، عزاداریِ امام حسینؑ، حرمتِ سادات اور مرکزیت کی پاسداری کرتے ہوئے عقائدِ حقہ اور قومی حقوق کے حصول کی پاکیزہ جد و جہد جاری وساری رکھی جائے گی، ہیڈکوارٹر مکتبِ تشیُع علیؑ مسجد سے سربراہ تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی کی لیڈر شِپ میں مشنِ مقدسہ کے فروغ ترویج اور دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کِیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار عزاء خانہ زہراؑ پانڈو سٹریٹ صوبائی آفس لاہور میں تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ صوبہ پنجاب کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی صدر علامہ سید باقر علی نقوی کی جانب سے منظور کردہ اعلامیہ میں کِیا گیا۔ جس کی صدارت صوبائی ناظم الامور علامہ مقصود رضا عابد نے کی۔
