نیویارک (طاہر محمود چوہدری سے) ٹرمپ انتظامیہ کے سابق سکریٹری آف سٹیٹ مائیک پومپیو کی رواں سال موسم خزاں میں کتاب سامنے آ رہی ہے. کتاب کے ناشر ہارپر کولنز پبلشرز میں ایک قدامت پسند “امپرنٹ براڈ سائیڈ بوکس” نےاعلان کیا ہے کہ مائیک پومپیو کی کتاب نومبر میں شائع ہو گی. تاہم ابھی تک پبلشر کی جانب سے کتاب کا عنوان اور مالی شرائط ظاہر نہیں کی گئیں. امریکی خبر رساں ادارے ‘اے پی’ کے مطابق” مائیک پومپیو قارئین کو حکومتی فیصلہ
سازی کے اندرونی حالات و مقامات اور شمالی کوریا، چین، روس، ایران، میکسیکو، اسرائیل، افغانستان، بین الاقوامی مذہبی آزادی کی حمایت سمیت اہم امور کے پیچھے بصیرت کی گہرائی میں لے جائیں گے. ان ممالک سے متعلقہ کہانیاں، سٹریٹجک سوچ اور مسائل سے متعلق کافی مواد پڑھنے کو ملے گا.”امریکی ریاست کنساس سے تعلق رکھنے والے 58 سالہ مائیک پومپیو ریپبلکن ہیں، انہوں نے صدر ٹرمپ کے ساتھ 3 سال (2018 تا 2021) بطور سیکرٹری آف سٹیٹ خدمات سرانجام دیں. اس سے پہلے سابق صدر ٹرمپ نے انہیں 2017ء میں سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کا ڈائریکٹر مقرر کیا تھا. پومپیو کے متعلق 2024ء کے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے بارے میں بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں. مائیک پمپیو نے ٹرمپ کو ان کے آخری دنوں میں امن کے نوبل پرائز کا حقدار قرار دینے کے لیے ایک ٹویٹ بھی کیا تھا. ٹرمپ انتظامیہ کے دیگر سابق عہدیدار جو ممکنہ طور صدارتی انتخابات کی دوڑ کے امیدواروں کے طور پر غور کرنے کے علاوہ اپنی کتابوں پر کام کر رہے ہیں، ان میں سابق نائب صدر مائیک پینس اور اقوام متحدہ میں سفیر رہی نکی ہیلی بھی شامل ہیں.