مظفر آباد ( وی او پی نیوز ) تحریک انصاف کے سردار تنویر الیاس بلا مقابلہ وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوگئے، وہ آج سہ پہر 3 بجے حلف اٹھائیں گے۔سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے قائد ایوان کی کامیابی کا اعلان کیا،پی ٹی آئی کے امیدوار سردار تنویر الیاس کو 33 اراکین اسمبلی نے ووٹ دیئے۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اسپیکر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت ہوا۔
سیکریٹری قانون ساز اسمبلی کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار سردار تنویر الیاس نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ ان کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔اجلاس کے موقع پر تحریک انصاف کے وزارتِ عظمیٰ کےامیدوار سردار تنویر الیاس پہلے اسمبلی پہنچے جبکہ سردار عبدالقیوم نیازی بھی اسمبلی میں موجود تھے۔اس سے قبل وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے سمری پر دستخط کیے، اسمبلی کا اجلاس آج صبح ساڑھے 10 بجے شروع ہونا تھا ۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کو مسلم کانفرنس کی بھی حمایت حاصل ہے، 27ارکان کی سادہ اکثریت سے وزیراعظم کا انتخاب کیا جائے گا۔واضح رہے کہ آزاد کشمیرمیں 1985 سے پارلیمانی نظام چل رہا ہے۔