اسلام آ باد، کراچی (آئی ا ین پی) مچھر کے کاٹنے سے پھیلنے والے ڈینگی وائرس سے ملک بھر میں سینکڑوں افراد متاثر ہوگئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں کراچی میں 201کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ضلع کورنگی میں ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، وہاں 84 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ضلع شرقی 42اور ضلع جنوبی31کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کا
کہنا ہے کہ ضلع وسطی29،ضلع ملیر6، کیماڑی 6اور ضلع غربی سے 3کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ یکم ستمبر سے آج تک کراچی میں 1428کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ رواں سال سندھ بھر میں 4 ہزار 301کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسکے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ڈینگی کی مجموعی تعداد943تک جا پہنچی ہے۔ ڈی ایچ او کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی سے 72 افراد متاثر ہوئے جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔ اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ڈینگی کے 601 مریض ہیں جبکہ دیہی علاقے میں گزشتہ جوبیس گھنٹے کے دوران ڈینگی سے 24 کیسز رپورٹ ہوئے۔ صوبہ خیبرپختونخوا کی بات کی جائے تو وہاں بھی ڈینگی کی صورتحال بے قابو ہوچکی ہے، خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے310 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ5 ماہ کے دوران ڈینگی کیسز کی تعداد3ہزار520 ہوگئی ہے۔ مردان میں سب سے زیادہ39 نئے ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے جبکہ نوشہرہ میں 40، پشاور میں 140، ہری پور میں 10 اور لو ئردیر میں 46 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔