کراچی ( وی او پی نیوز ) پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے دعویٰ کیا ہےکہ سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 میں سے 40 نشستیں پیپلز پارٹی با آسانی جیت رہی ہے ، سندھ سے قومی اسمبلی کی مزید7 سے 8 نشستیں مقابلہ کرکے جیت لیں گے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا
کہ گزشتہ رات ایم کیو ایم ورکرز نے پی پی کے دفتر پر حملہ کیا، سیاسی دفاتر پر اگر حملہ ہوگا تو ماحول پُرامن نہیں رہےگا، ایم کیو ایم کو اس وقت اپنی شکست نظر آرہی ہے، اپنے ورکرز کو روک رہے ہیں ، لیکن صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ ایم کیو ایم آج بھی یہ سوچ رہی ہےکہ کوئی دوسری جماعت ضلع وسطی میں نہیں آسکتی، مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس میں دھمکیاں موجود ہیں، ہم قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے، بینرز کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر حیرانی ہوئی، ایسا بھی نہیں ہونا چاہیےکہ جس کی تصویر لگی ہو اس پر ایف آئی آر درج کی جائے، اگرکوئی مخالف ہماری تصویر لگائےگا تو کیا ایف آئی آر ہو جائےگی؟رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مجھے بھی سمجھ نہیں آرہا ہے انتخابات پی ایس پی لڑ رہی ہے یا ایم کیو ایم، اس وقت ایم کیو ایم پاکستان پر پی ایس پی کا قبضہ ہے، خالد مقبول صدیقی بے بس نظر آرہے ہیں، مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم کا خاتمہ کردیا ہے۔