لاہور (ایس ایم ایس )وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری اپنے کیس کے حوالے سے کھل کر بول پڑیں ۔
لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آج میری چھٹی یا ساتویں پیشی ہے اور میرے کیس میں تاریخ پر تاریخ دی جا رہی ہے۔ میرا کیس نہ تو کسی ایک شخص کے بارے میں ہے اور نہ سیاسی، یہ ان سب خواتین کا کیس ہے جو سوشل میڈیا کے ہاتھوں ذلیل ہوتی ہیں۔ ایف آئی اے کی کپیسٹی صرف اتنی ہے کہ یہ ابھی تک ایک بھی جعلی وڈیو ڈلیٹ نہیں کروا سکی۔ اگرآپ کوئی ایپ سنبھال نہیں سکتے تو اسے بند ہی کر دینا چاہیے۔ ایف آئی اے والے زیرو کارکردگی کے ساتھ آتے ہیں دوبارہ ٹائم لیکر نکل جاتے ہیں۔ جن اکاؤنٹس سے گندا مواد اپ لوڈ ہوتا ہے ان کو کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے والے کہتے ہیں کہ ہم نے فیس بک کو لکھا ہے مگر انکی طرف سے جواب نہیں آیا۔ اگر کوئی ادارہ پاکستان میں ہوتے ہوئے جواب نہیں دیتا تو ایسے ادارے سے پوچھ گچھ ہونی چاہئے۔ پوری دنیا میں سوشل میڈیا ایپس ایک قانون اور ضابطے کے تحت چلتی ہیں مگر ہمارے ہاں سب الٹا ہے۔ یہاں آپ کسی کے خلاف جو مرضی کہہ دیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔