متعلقہ

جمع

لکھ لیں، اس الیکشن کا جنازہ نکل گیا ہے

Spread the love

راولپنڈی ( وی او پی نیوز )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شاہ محمود قریشی نے راولپنڈی میں کمرہ عدالت میں  صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی، اس موقع میں شاہ محمود قریشی آبدیدہ ہوگئے۔”جنگ ” کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ لکھ لیں، اس الیکشن کا جنازہ نکل گیا ہے۔ میرے بہنوئی کا انتقال ہوا، درخواست کی کہ مجھے جنازے میں شرکت کی اجازت دی جائے۔  میں تو اپنی بہن کو پرسا بھی نہیں دے سکا۔میری بیٹی سکروٹنی کےلیے گئی اسکے کاغذات چھینےگئے، جس کے بعد بیٹی کو شہر چھوڑنا پڑا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم الیکشن لڑیں گے اور آزاد لڑیں گے، پوری قوم نے دیکھا کہ پی ٹی آئی کو کیسا لیول پلیئنگ فیلڈ ملا، لکھ لیں، اس الیکشن کا جنازہ نکل گیا ہے۔ ہمارا پیغام ہے کہ جس کے پاس جو نشان ہے وہ اس کو ہی بلا سمجھے، ہمارے پاس پلان بی تھا، ہم نے سمجھا تھا بلا نہیں تو بلے باز پر ووٹر مطمئن ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ عدالتوں کا فیصلہ تسلیم ہے، تاریخ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنا فیصلہ ضرور کرے گی۔ سپریم کورٹ میں اگر کیسز کا اوپن ٹرائل ہوسکتا ہے تو یہاں کیوں نہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سائفر کیس کے ٹرائل کو لائیو دکھایا جائے۔

صحافی نے پی ٹی آئی رہنما سے استفسار کیا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں انٹراپارٹی الیکشن اور بلے کا نشان حاصل کرنے کےلیے آپ کی جماعت سے غلطیاں ہوئیں؟اس پر شاہ محمود قریشی نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن نے ہمارے انٹراپارٹی الیکشن پر سوال اٹھائے باقی جماعتوں کے الیکشن پر کسی نے سوال نہیں اٹھایا۔ بانی پی ٹی آئی کاایک ہی مطالبہ ہے کہ ملک میں صاف، شفاف انتخابات کرائے جائیں۔