اسلام آباد (اے پی پی):پاکستان اورجنوبی امریکا کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، جاری مالی سال میں جنوبی امریکاکے ممالک کوپاکستان کی برآمدات میں 54.64 فیصد اوردرآمدات میں 67 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے اپریل 2022 تک کی مدت میں ارجنٹائن،برازیل، یوراگوئے اورجنوبی امریکا کے دیگرممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 312.01 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 54.64 فیصدزیادہ ہے، اپریل 2022 کے دوران جنوبی امریکاکے ممالک کوبرآمدات سے 31.26 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجو مارچ میں 38.16 ملین ڈالر اورگزشتہ سال اپریل میں 24.54 ملین ڈالرتھا۔، مالی سال 2021 میں جنوبی امریکا کو پاکستان کی برآمدات کاحجم 257.39 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں جنوبی امریکاکے ممالک سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 67.30 فیصدکی نموریکارڈکی گئی۔