ممبئی ( شوبز نیوز ) کیا آپ جانتے ہیں کہ بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے ہاں جلد ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔عالیہ بھٹ نے اپنے لاکھوں مداحوں کو بڑی خوشخبری سُنانے کے لیے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کا رُخ کیا۔اداکارہ نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی تصویر
شیئر کی جس میں اُن کے ہمراہ اُن کے شوہر رنبیر کپور بھی موجود ہیں۔تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عالیہ بھٹ اسپتال میں موجود ہیں اور اپنا الٹراساؤنڈ کروا رہی ہیں۔عالیہ بھٹ نے تصویر کے کیپشن میں بتایا کہ ’اُن کے ہاں جلد بچے کی پیدائش متوقع ہے‘۔اداکارہ نے صرف 30 منٹ پہلے انسٹاگرام پر یہ خوشخبری سُنائی ہے جس پر مداحوں اور اہلخانہ کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں رنبیر اور عالیہ بھٹ ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع رہائش گاہ واستوو میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔شادی کی اس چھوٹی سی اور محدود تقریب میں صرف دونوں جانب سے لگ بھگ 30 سے 35 قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی تھی۔کپور خاندان سے دلہے کی والدہ نیتو سنگھ، ردھیما کپور، کرشمہ کپور، کرینہ کپور، ریما جین، اداکار جین، شویتا بچن نندا، ناویا نویلی نندا جبکہ دلہن کی جانب سے مہیش بھٹ، سونی رزدان، شاہین بھٹ اور دیگر موجود تھے۔