اسلام آباد( وی او پی نیوز )وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ یو این کے ادارہ ایف اے او کی شراکت سے مرتب کیے گئے ملک کے سب سے بڑے ماحولیاتی منصوبہ لیونگ انڈس انیشی ایٹو کی کابینہ سے منظوری حاصل کر لی گئی ہے جس پر عملدرآمد کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تباہ کن سیلاب سے ہونیوالی تباہی کے پیش نظر بہترین منصوبہ بندی کے ذریعے آبادی سمیت خوراک کا تحفظ وقت کی سب
سے اہم ضرورت ہے۔ دریائے سندھ ملک کی لائف لائن ہے، جو پاکستان کی 80 فیصد زراعت ہے۔آج شدید اور تباہ کن سیلاب کے باوجود پاکستان میں 2025 تک پانی کی شدید قلت کا امکان ہے۔ منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منصوبہ کا مقصد فطرت پر مبنی حل، سبز بنیادی ڈھانچے اور ماحولیاتی نظام کی بنیاد کے طریقوں کے ذریعے موسمیاتی چیلنجوں کو حل کرنا ہے،منصوبہ میں انڈس ٹرسٹ فنڈ، کلائمیٹ اینڈ نیچر پرفارمنس بانڈز، کلین انرجی تک کمیونٹی کی رسائی، پلاسٹک سے پاک شہر، جنگلات میں اضافے، انڈس پروٹیکشن ایکٹ، انڈس پروٹیکٹڈ ایریاز، سندھ طاس میں حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، کمیونٹی کی شمولیت، انڈس ہیریٹیج سائٹس، فطرت پر مبنی واٹرشیڈ مینجمنٹ،توسیع شدہ گلوف ٹو سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔