متعلقہ

جمع

پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی اب بھی ممکن ہے ……مشکل مگر ناممکن نہیں

Spread the love

لاہور( سپورٹس نیوز ) ہر زبان پر ایک ہی سوال ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اب پاکستانی ٹیم کا کیا مستقبل ہے ؟ سیمی فائنل تک رسائی اب بھی ممکن ہے یا نہیں ؟تو سب سے پہلے یہ جان لیجیے کہ رسائی ممکن ہے . لیکن کیسے ؟ تو وہ ایسے کہ بنگلہ دیش کیخلاف بھارت کی جیت نے پاکستان کے ٹاپ فور تک رسائی کے چانسز کو مزید مشکل بنادیا، پاکستان اگر اپنے دونوں میچز جیت بھی جائے تو اسے جنوبی افریقہ یا بھارت کی ان کے آخری میچز میں اپ سیٹ شکست درکار ہوگی۔آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ ٹو میں بھارت نے چار میں سے تین میچز جیت کر 6 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے تین میچز میں 5 پوائنٹس ہیں۔پاکستان ٹیم تین میچز میں 2 پوائنٹس ہی حاصل کرسکی ہے۔پاکستان اپنا اگلا میچ جمعرات کو جنوبی افریقہ کے خلاف سڈنی میں کھیلے گا اور اگر پاکستان یہ میچ جیت جاتا ہے تو اس کے 4 میچز میں 4 پوائنٹس ہوجائیں گے جبکہ جنوبی

افریقہ کے 5 اور بھارت کے 6 پوائنٹس ہوں گے۔گروپ کے آخری میچز اتوار کو ہوں گے جس میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نیدرلینڈز، بھارت کی ٹیم زمبابوے اور پاکستان کی ٹیم بنگلادیش سے مقابلہ کرے گی۔اگر ٹیموں کی صلاحیت کو دیکھا جائے تو بھارت اور جنوبی افریقہ کے لیے آخری میچز آسان ہیں اور اگر کوئی غیر متوقع نتیجہ نہ ہوا تو بھارت کے 8 اور جنوبی افریقہ کے 7 پوائنٹس ہوجائیں گے۔ایسے میں پاکستان بنگلادیش سے جیت بھی گیا تو سیمی فائنل تک نہیں پہنچ پائے گا کیونکہ اس کے پوائنٹس کی تعداد 6 ہی رہے گی۔”جنگ ” کے مطابق اس صورتحال میں پاکستان کے لیے یہ ضروری ہے کہ بھارت یا جنوبی افریقہ کو آخری میچ میں اپ سیٹ شکست ہو مگر اس سے پہلے سب سے ضروری یہ ہے کہ پاکستان اپنے دونوں میچز بھی جیتے۔پاکستان کے لیے ایک صورتحال یہ بھی نکل سکتی ہے کہ جنوبی افریقہ اور نیدرلینڈز کا میچ واش آؤٹ ہوجائے۔ایسی صورتحال میں پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرسکتا، مگر اس کے لیے پاکستان کا دونوں میچز اچھے رن ریٹ کے ساتھ جیتنا لازمی ہوگا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق اگر ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہوں تو اگلے مرحلے تک وہ ٹیم کوالیفائی کرے گی جس کی فتوحات زیادہ ہوں گی۔ اگر پاکستان دونوں میچ جیت جاتا ہے تو اسکی فتوحات تین اور پھر نیدرلینڈ جنوبی افریقہ کا میچ واش آؤٹ ہوتا ہے تو اس کی دو فتوحات اور دو واش آؤٹ ہوں گے، یوں پاکستان سیمی فائنل میں آجائے گا۔ویسے محکمہ موسمیات کے مطابق اتوارا کو ایڈیلیڈ میں موسم صاف ہی ہے یعنی بارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں اور مکمل میچ ہی کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ آخری میچز تک اگر مگر کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ جمعرات کو پاکستان اپنا میچ جنوبی افریقہ سے جیتے، اگر پاکستان اجنوبی افریقہ سے نہیں جیت پاتا تو پھر اگر مگر کا کھیل ہی نہیں رہ پائے گا۔