لاہور(شاہ جی سے ) توشہ خانے سے تحائف خریدنے اور فروخت کرنے کے معاملے میں ایک اہم شخصیت کی انٹری ہوئی ہے اور یہ انٹری دبئی سے ہوئی ہے . اس شخصیت کی گفتگو کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سعودی ولی عہد کی گھڑی، انگوٹھی اور کف لنکس کوڑیوں میں بیچ ڈالے۔توشہ خانہ کے تحائف کا سودا عمران خان کے مشیر احتساب شہزاد اکبر نے کروایا۔توشہ خانہ کے تحائف لے کر عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی دبئی پہنچیں۔عمران خان سے توشہ خانہ کے تحفے
خریدنے والا جیو نیوز پر سامنے آ گیا.” جنگ ” کے مطابق دبئی کی کاروباری شخصیت عمر فاروق نے ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں ساری پول کھول دی۔دوران گفتگو عمر فاروق نے بتایا کہ پورے سیٹ کی اصل قیمت 2019ء میں 1 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز یعنی 1 ارب 70 کروڑ روپے تھی۔ فرح گوگی نے توشہ خانہ کے تحائف کے صرف 50 لاکھ ڈالرز مانگے، اس رقم میں ڈیل فائنل نہیں ہوئی۔فرح گوگی اور خریدار میں معاملہ 20 لاکھ ڈالرز میں طے پا گیا، ساری رقم کیش لی گئی۔تفصیلات خصوصی انٹرویو میں رات 10 بجے نشر کر دی گئی ہیں ۔رواں برس 21 اکتوبر کو توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کو کرپٹ پریکٹس کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 5 سال کےلیے نااہل قرار دیا تھا۔عمران خان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے…… تفصیلات ہم نے آپ کو بتا دیں باقی کی آپ نے ٹی وی پروگرام میں دیکھ اور سن لی ہوں گی لیکن اس سارے معاملے میں کہیں نہ کہیں گڑ بڑ ابھی بھی ہے کیونکہ بقول دبئی کی اہم شخصیت کے یہ سارا سودا 2019 میں طے پایا تھا، اتنا عرصہ یہ شخصیت کیوں چپ رہی اور اب اچانک انٹری کیوں ، کیسے اور کس کے کہنے پر ہوئی یہ سب کچھ ابھی سامنے نہیں آیا لیکن اتنا ضرور کہا جا سکتا ہے کہ انٹری کی ” ٹائمنگ ” قابل غور ہے . ایک طرف لانگ مارچ ،عمران خان کا زخمی ہونا ،لانگ مارچ کا رکنا پھر شروع ہونا،وزیر اعظم کی لندن یاترا اور رواں ماہ کے آخر میں اہم تعیناتی کا اعلان ……لگتا ہے پنڈورا باکس کھل چکا ہے.