لاہور ( شوبز نیوز ) “جوائے لینڈ” بھی کیا خوب فلم ہے کہ تنازعات سے باہر نہیں نکل پا رہی لیکن ایوارڈ پہ ایوارڈ اپنے نام کرتی جا رہی ہے .”جوائے لینڈ ” کی کہانی ایک نوجوان اور ٹرانس جینڈر کے گرد گھومتی ہے جو کہ ڈانس کلب میں ملازمت کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔ہدایت کار صائم صادق کی اس فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان،
سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں جبکہ فلم کا میوزک عبداللّٰہ صدیقی کی جانب سے پیش کیا گیا ہے۔
اب اس فلم کو انڈیپنڈنٹ سپرٹ ایوارڈز میں بہترین بین الاقوامی فلم کے لیے نامزد کرلیا گیا ہے۔انڈیپنڈنٹ سپرٹ ایوارڈز نے گزشتہ روز نامزدگیوں کا اعلان کیا جس کے مطابق بہترین بین الاقوامی فلم کیٹیگری میں پاکستانی فلم کا مقابلہ میری کریوٹزر کی کارسیج ، مارٹیکا رامیرز ایسکوبار کی لیونر وِل نیور ڈائی ، ڈیوی چو کی ریٹرن ٹو سیول اور ایلس ڈیوپ کی سینٹ اومر سے ہو گا۔انڈیپنڈنٹ سپرٹ ایوارڈز امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 4 مارچ 2023 کو منعقد کئے جائیں گے۔