لاہور ( وی او پی نیوز ) لاہور میں آٹا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، 5 روپے اضافے کے بعد چکی آٹے کی فی کلو قیمت 125روپے کردی گئی۔چکی اونرز ایسوسی ایشن لیاقت علی خان کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں گندم فی من 4 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے۔گندم سستی ہو گی تو چکی کا آٹا بھی سستا کیا جائے گا۔ اوپن مارکیٹ میں سستا آٹا بھی دستیاب نہیں ہے، 20 کلو آٹے کا تھیلا بھی مارکیٹ سے غائب ہو گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں ادویات اور طبی آلات کی کمی کا خطرہ منڈلانے لگا۔ادویات کے خام مال اور طبی آلات کی پاکستان میں درآمد بند ہو گئی جس کے باعث چند ہفتوں میں بحران کا خدشہ سر اٹھا رہا ہے۔پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے چیئرمین ارشد محمود کے مطابق بینکوں کے ایل سی نہ کھولنے سے ادویات کے خام مال کی درآمد بند ہوئی ہے۔سٹیٹ بینک کی زبانی ہدایات پر بینک ایل سی نہیں کھول رہے، بینکوں کے ایل سی نہ کھولنے سے پاکستان میں ادویات کا خام مال نہیں آ رہا۔سٹیٹ بینک کے پاس ڈالرز کی کمی کے باعث بینک ایل سی نہیں کھول رہے۔ ادویات ساز اداروں کے پاس پیسے موجود ہیں مگر وہ خام مال نہیں منگوا پا رہے۔ ایل سی نہ کھلنے کے سبب پاکستان میں طبی آلات کی درآمد بھی کم ہوتی جا رہی ہے۔