لاہور( نیوز رپورٹ ) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ امپائر پاکستان کے ساتھ ہیں اور جنہیں پاکستان کی فکر ہے وہ ان کو سمجھا رہے ہیں کہ اپنے معاملے افہام و تفہیم سے حل کریں، وہ جمہوریت کے سپورٹر ہیں اور وہ پاکستان کے لیے سوچ رہے ہیں، وہ کسی کے ساتھ نہیں پاکستان کے ساتھ ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن نے 4سال میں کنفیوژن پھیلائی، اب ایک سال الیکشن میں رہ گیا ہے، اپوزیشن کا اوپر
والا خانہ خالی ہے، یہ ساری سامراجی سنڈیاں ڈی چوک میں فارغ ہو جائیں گی۔ ڈی چوک میں حالات کنٹرول کریں گے اور نہ ہوسکے تویہ جانیں اوران کاکام جانے،کوئی حادثہ ہو گیا تو نقصان اپوزیشن کا ہوگا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت نہیں جاتی، ان کے 4 سال پورے ہوگئے ہیں ایک سال اور وہ ٹکاکے لگائےگا جب کہ پنجاب کی سیاست کا نہیں پتا میں وہاں کی سیاست نہیں کرتا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مارچ سے 30 مارچ تک ہفتہ زوردارہوگا، مولانا فضل الرحمان کوسمجھنا چاہیے کہ مولاجٹ کی سیاست نہیں چلے گی لہٰذا آپ 23 مارچ کوآئیں پورا تحفظ فراہم کریں گے، اگرکسی کوروکاگیاتومیں ذمہ دارہوں۔ اپوزیشن کے 172 لوگ پورے نہیں ہیں، مارکیٹ میں بولیاں لگ رہی ہیں، بکنے والے رسوا ہوتے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتے، اتحادیوں اوراپنے اراکین پراعتماد ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔آخری گزارش ہے کہ ملک کوانتشارکی طرف نہ جانے دیں، انارکی ملک میں مت پھیلائیں،اس کانتیجہ انتہائی الٹانکلےگا، تصادم ہوا یا انارکی پھیلی تو عدم اعتماد راستے ہی میں رہ جائے گا۔۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ (ق) لیگ کے بارے میں کچھ کہوں گا تووہ خفاہوجائے گی بس چوہدریوں کومشورہ ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں۔