اسلام آباد ( وی او پی نیوز ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے قوی اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا بیٹا ہونے کی حیثیت سے آج میرے لیے بہت ہی اہم دن ہے، آج کے دن متفقہ آئین کی بنیاد رکھی گئی، ہم نے آمریت کا مقابلہ کیا، ایک دو نہیں تین آمروں کو بھگایا ہے۔ 10اپریل پاکستان کے آئین کے سفر کا دن ہے، آج 50 سالہ جدوجہد کے یوم تاسیس کا دن
ہے، شہید بھٹو نے بکھرے ہوئے لوگوں کو اکٹھا کیا، آئین وہ زنجیر ہے جس نے پاکستان کو جوڑے رکھا ہے۔ ملک پر انتہا پسندی کا بوجھ ڈالا گیا، آمر نے نفرت، انتقام کی سیاست کا بوجھ ڈالا جس کا آج تک مقابلہ کر رہے ہیں۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پوری قوم نہتی لڑکی کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، ایک نہتی لڑکی کے قدم رکھتے ہی ضیاءکی آمریت کی بنیادیں ہل گئیں، بینظیر بھٹو 73 کے آئین کی بحالی کے لیے 30 سال جدوجہد کرتی رہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آمرجنرل ضیاء الحق کے بعد ایک اور آمر آیا جنرل پرویز مشرف، پرویزمشرف نے جو بیج بوئے اس کے نتیجے میں آج بھی انتہا پسندی کامقابلہ کر رہے ہیں، نفرت اور تقسیم کی سیاست کا مقابلہ کررہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہر آمر جعلی سیاستدان کھڑے کر دیتے ہیں۔ اسپیکر صاحب آپ کی کوشش اور عدم اعتماد سے سیلیکٹڈ وزیراعظم کی سازش ناکام کرائی۔