اسلام آباد ( وی او پی نیوز ) ملک کے بیشتر علاقوں میں گیس نام کی کوئی چیز نہیں آ رہی لیکن بلوں میں 200 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کے باوجود نومبر سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کے
گیس بلوں میں 200 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔حکومت نے یکم نومبر سے گیس کی قیمتوں میں تقریباً 200 فیصد تک اضافہ کیا تھا۔اس اضافے کا اطلاق ہونے کے بعد اب صارفین بھاری گیس بلوں کا بوجھ نا چاہتے ہوئے اٹھانے پر مجبور ہیں۔گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے شہریوں کے بجٹ کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ گزشتہ مہینوں اور سال کی نسبت بلوں میں بڑا فرق آ گیا ہے، گیس کے اضافی بلوں نے نئے امتحان میں ڈال دیا ہے۔ پہلے بجلی کی قیمتوں نے زندگی مشکل کر رکھی ہے، اب رہی سہی کسر گیس کے بلوں نے پوری کر دی ہے، گیزر تو چلتے نہیں، کیا اب تین وقت کا کھانا بھی نہ بنائیں۔