لاہور ( نیوز رپورٹ )مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ حکومت چھوڑی ہے نہ ہی اپوزیشن جوائن کی ہے۔یہ بات انہوں نے جاری کیے گئے ایک بیان کے ذریعے کہی۔ان کا کہنا ہے کہ ہم اتحادی ہیں اور الگ جماعت ہیں، جماعتوں کے اندر مختلف آراء ہوتی ہیں،
فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔وزیرِ اعظم عمران خان ایماندار ہیں اور ان کی نیت بھی اچھی ہے، حکومت کا حصہ ہیں، ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا ہے۔عوامی مسائل کی نشاندہی آج نہیں کی، پہلے دن سے کر رہے ہیں، اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے چلا جائے تو حکومت کا اپنا فائدہ ہے۔اس سے قبل آج ہی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور مسلم لیگ( ق ) کے رہنما پرویز الہٰی نے تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ سے رابطہ کیا تھا۔ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پرویز الہٰی آئندہ دو روز میں جہانگیر ترین گروپ سے ملاقات کریں گے۔اس ضمن میں جہانگیر ترین گروپ کے رکن فیصل حیات جبوانہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ق کی جانب سے ہم سے رابطہ کیا گیا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم سیاسی لوگ ہیں سب سے ملاقاتوں کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔واضح رہے کہ مسلم لیگ( ن) کے رہنما حمزہ شہباز بھی جہانگیر ترین گروپ سے ملاقات کر چکے ہیں۔