متعلقہ

جمع

افغانستان سےمذاکرات سے معاملات طے نہ پائے تو ۔۔؟خواجہ آصف نے کھل کر خدشات کا اظہار کر دیا

Spread the love

سیالکوٹ ( ایس ایم ایس )افغانستان سےمذاکرات سے معاملات طے نہ پائے تو کیا ہو گا ۔۔؟ وزیر دفاع خواجہ آصف کھل کر بول پڑے ۔

سیالکوٹ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےوزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا  ہے  کہ اگر افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات سے معاملات طے نہیں پاتے تو پھر افغانستان کے ساتھ ہماری کھلی جنگ ہے۔ ہم نے 40 سال تک افغانوں کی مہمان نوازی کی، دوحہ میں جن سے بات کر رہے تھے وہ سارے پاکستان میں جوان ہوئے، سمجھ نہیں آتا کہ اتنی مہمان نوازی کے باوجود افغانستان کا ہمارے ساتھ ایسا رویہ کیوں ہے، افغانستان ہمارے خلاف بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کر رہا ہے۔

’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق  خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین نے روزگار اور کاروبار پر قبضہ کیا ہوا ہے، ہمارا صرف ایک ایجنڈا ہونا چاہیے کہ ہم اخوت کے ساتھ ہمسائے کے ساتھ رہیں، پچھلے 4، 5 روز سے کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا، اگر مذاکرات سے معاملات طے نہیں پاتے تو پھر افغانستان کیساتھ ہماری کھلی جنگ ہے۔ہماری افواج اور پولیس اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، ہم اور آپ اس لیے چین سے سوتے ہیں کہ آپ کے محافظ جاگ رہے ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ترکیہ میں مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے، جس میں قطر میں ہونے والے مذاکرات میں طے پانے والے نکات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔