ممبئی ( شوبز نیوز ) کنگ خان شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے بارے میں وہ فیصلہ آ ہی گیا جس کا بالی وڈ اور ” منت “کو شدت سے انتظار تھا …..آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے کروز ڈرگز کیس میں کلیئر کر دیا ہے ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان، جنہیں گزشتہ سال ممبئی میں کروز شپ پر چھاپے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، اُنہیں این سی بی کی طرف سے جاری کی گئی ایک مکمل چارج شیٹ میں بطور ملزم نامزد نہیں کیا گیا ہے۔اس حوالے سے سینئر این سی بی افسر سنجے کمار سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’آریان اور موہک کے علاوہ تمام ملزمان کے پاس سے منشیات ملی تھی۔ایجنسی کو آریان خان
اور دیگر پانچ افراد کے خلاف خاطر خواہ ثبوت نہیں مل سکے۔‘
ممبئی منشیات کیس کے اہم نکات:
انسداد منشیات ایجنسی نے 6,000 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ جاری کی ہے، جس میں 14 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
23 سالہ آریان خان، جوکہ کروز شپ منشیات کیس میں گرفتار کیے گئے 20 افراد میں شامل تھے، اُنہیں چارج شیٹ میں بطور ملزم نامزد نہیں کیا گیا۔
آریان خان نے منشیات کیس میں گرفتار ہونے کے بعد تین ہفتے سے زیادہ جیل میں گزارے تھے جس نے خبروں کی سرخیوں پر غلبہ حاصل کیا۔
نارکوٹک کنٹرول بیورو نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ آریان خان منشیات کا باقاعدہ استعمال کنندہ اور سپلائی کرنے والا ہے۔
اس کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے این سی بی کے دلائل پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ وہ اس طرح کے سنگین الزامات لگانے کے لیے صرف واٹس ایپ پیغامات پر انحصار نہیں کر سکتا۔
تفتیش کے انچارج افسر، سمیر وانکھیڈے کو ہٹا دیا گیا اور انہیں آریان خان کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے اور ملزم کو بلیک میل کرنے کی کوشش کرنے کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔
تحقیقات میں خامیاں سامنے آنے کے بعد یہ معاملہ بھی این سی بی کی ممبئی میں مقیم ٹیم سے دہلی کی ٹیم کو منتقل کر دیا گیا تھا۔
کیس میں چارج شیٹ جاری کرانے کی آخری تاریخ ختم ہونے کے بعد، ایجنسی کو مارچ میں عدالت سے دو ماہ کی توسیع مل رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا تھا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست لیا گیا تھا۔
تقریباََ 28 دن جیل میں گزارنے کے بعد آریان خان کو گزشتہ برس 30 اکتوبر کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔
ممبئی ہائیکورٹ نے آریان کی ضمانت کے لیے 14 شرائط درج کی تھیں، آریان خان پولیس کو بتائے بغیر ممبئی نہیں چھوڑ سکتے اور انہیں ہر جمعہ کو این سی بی کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔
شرائط میں اسی طرح کی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونا، اپنے دوست ارباز مرچنٹ جیسے دوسرے ملزموں سے بات چیت نہ کرنا اور میڈیا سے بات نہ کرنا شامل ہیں۔
اگر ان شرائط میں سے کسی کی خلاف ورزی ہوتی تو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) آریان خان کی ضمانت کی منسوخی کی درخواست کر سکتا تھا۔